نیوزی لینڈ میں پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے پاکستان کے اسکواڈ میں 3 وکٹ کیپرز کو شامل کیا گیا ہے۔
تجربے کار وکٹ کیپر محمد رضوان کے ساتھ اسکواڈ میں صاحبزادہ فرحان اور اعظم خان کو شامل کیا گیا ہے۔
حال ہی میں کراچی میں ختم ہونے والے ڈومیسٹک ٹی 20 کے ٹاپ اسکورر صاحبزادہ فرحان نے پشاور ریجن کے لیے 12 میچوں میں 44.73 کی اوسط سے 492 رنز اسکور کیے، وہ اب پانچ سال بعد دوبارہ پاکستان کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔
27 سال کے وکٹ کیپر اور دائیں ہاتھ کے اوپننگ بیٹر نے پاکستان کے لیے 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 40 رنز بنائے ہیں۔
چار سدہ کے صاحبزادہ فرحان کے علاوہ دورۂ نیوزی لینڈ کے لیے منتخب ہونے والے قومی اسکواڈ میں تیسرے وکٹ کیپر اعظم خان ہیں۔
سابق ٹیسٹ کپتان معین خان کے فرزند 25 سال کے اعظم خان نے پاکستان کے لیے 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 7 رنز اسکور کیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ میں ڈیبیو پر 6 وکٹ لینے والے فاسٹ بولر عامر جمال بھی اسکواڈ میں شامل ہیں جبکہ پی ایس ایل 2023ء میں سب سے زیادہ 23 وکٹ لینے والے عباس آفریدی بھی پہلی بار منتخب ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ فارمیٹ میں ٹیم کے کپتان شان مسعود بھی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے اور اسپن بولر ابرار احمد کی اسکواڈ میں شمولیت فٹنس سے مشروط ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 12 جنوری سے ہوگا۔ شاہین شاہ آفریدی پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کریں گے۔