پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر نائب صدر لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جارہے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ ہم کوئی نواز شریف نہیں کہ عدالتیں چشم براہ بیٹھی ہوں۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ جو سزا دی گئی تھی وہ غلط تھی، فیصلہ عبوری تھا، اسے تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جارہے ہیں۔ ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ سے معطل ہوجائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ بڑی پارٹی کو باہر رکھ کر الیکشن کی ساکھ متاثر کر رہے ہیں۔ جب تک سیاسی استحکام نہیں ہوگا معاشی استحکام نہیں آسکتا۔
لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ ہم نے متبادل پلان تیار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ یہ سب ہوچکا ہے۔ بیرسٹر گوہر خان کا اتنا تجربہ نہیں جتنا میرا ہے۔
خیال رہے کہ آج اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست مسترد کردی۔
توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت کا اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں ڈویژن بینچ نے فیصلہ جاری کر دیا۔
بانی پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ سے سزا کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا کی تھی۔