کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر دکان مالک کو قتل کر دیا گیا، فرار ہوتے تین ڈاکو شہریوں کے ہتھےچڑھ گئے، جنہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی ڈاکوؤں کو اسپتال منتقل کیا، تاہم تینوں ڈاکو زحموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اورنگی ٹاؤن ایک نمبر پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا، مقتول کی شناخت شہروز کے نام سے ہوئی، جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی۔
پولیس کے مطابق 3 ملزمان لوٹ مار کےلیے چارے کی دکان میں داخل ہوئے تھے، مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کرکے دکاندار کو قتل کردیا۔
شور شرابہ سن کر موقع پر موجود افراد نے تینوں ملزمان کو پکڑ لیا، جس کے بعد مشتعل افراد نے تینوں ملزمان کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا، پولیس نے تینوں ملزمان کو مشتعل افراد سے چھڑایا اور اسپتال منتقل کیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تینوں ڈاکو عباسی اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے، فوری طور پر ڈاکوؤں کی شناخت نہیں ہو سکی۔
دوسری جانب مقتول دکاندار شہروز کے والد کا کہنا ہے کہ ان کی دکان پر گزشتہ مہینے بھی دو بار ڈکیتی ہوئی تھی، تیسری بار ملزمان نے لوٹ مار کی کوشش کی تو بیٹے نے مزاحمت کی جس پر اسے گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔