
کراچی: تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر لطیف کھوسہ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو طعنہ مارتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر گوہر کا اتنا تجربہ نہیں جتنا میرا ہے اور میں پارٹی کا سینئر نائب صدر بھی ہوں عمران خان کے بعد عہدہ میرے پاس ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ‘آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ ہم کوئی نواز شریف نہیں ہیں کہ عدالتیں ہمارے لیے چشم براہ بیٹھی ہوں، توشہ خانہ کیس میں سیشن جج کا ٹرائل بلا اختیار تھا، توشہ خانہ کیس میں جو سزا دی گئی تھی وہ غلط تھی، یہ ججمنٹ نہیں عبوری آرڈر تھا جس کی تصحیح کی جاسکتی ہے، جس سزا کو معطل کیا گیا اسی کی پاداش میں الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نااہل کردیا، الیکشن کمیشن نے 30دن انتظار کرنے کے بجائے 3دن میں ہی نااہل کردیا۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کو طعنہ مارتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر گوہر خان کا اتنا تجربہ نہیں جتنا میرا ہے، میں پارٹی کا سینئر نائب صدر بھی ہوں اور عمران خان کے بعد عہدہ میرے پاس ہے۔