پاکستان مسلم لیگ (ن) جاپان کے زیر اہتمام ٹوکیو میں کرسمس اور میاں نواز شریف کی سالگرہ کا کیک کاٹنے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں لیگی کارکنوں اور کمیونٹی ارکان نے شرکت کی۔
تقریب کا اہتمام مسلم لیگ (ن) جاپان کے چیئرمین ملک یونس کی جانب سے کیا گیا تھا جس میں ن لیگ جاپان کے عہدیداروں، جاپان کے سرپرست اعلیٰ رانا ابرار، ٹوکیو کے صدر شیخ عارف، سینئر نائب صدر چوہدری عنصر، انفارمیشن سیکریٹری ملک کاشف اعوان، سینئر نائب صدر سکندر پسیہ، نائب صدر مرزا اکرم سمیت بڑی تعداد میں لیگی کارکنوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں ملک یونس نے کہا کہ میاں نواز شریف کا یوم پیدائش نہ صرف دنیا بھر میں مقیم لیگی کارکنوں کے لیے خوشی کا دن ہے بلکہ کرسمس کا دن ہمارے مسیحی بھائیوں کے لیے بھی خوشی کا دن ہے، ہم ان کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
ملک یونس نے کہا کہ اب وقت بدل چکا ہے میاں نواز شریف ملک میں واپس آچکے ہیں اور عنقریب عوام کے ووٹوں سے مک کے وزیر اعظم منتخب ہو کر عوام کی خدمت کریں گے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا کہ لیکن جب تک الیکشن نہیں ہونگے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ الیکشن بھی ہوں اور اس میں میاں نواز شریف کامیاب بھی ہوں۔
اس موقع پر چوہدری عنصر نے اپنے خطاب میں پوری قوم کو نواز شریف کی سالگرہ کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ن لیگ جاپان کے صدر، پاکستان میں ہیں جہاں وہ قومی اسمبلی کے ٹکٹ کے امیدوار ہیں، امید ہے میاں نواز شریف ان کی قربانیوں کا خیال رکھیں گے۔
شیخ عارف نے کہا کہ نواز شریف کی سالگرہ پوری ن لیگ کو مبارک ہو ہماری دعا ہے کہ نواز شریف انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے ایک بار پھر وزیر اعظم کا منصب سنبھالیں اور ملک کی خدمت کریں۔
تقریب سے دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا اور میاں نواز شریف کو مبارکباد کا پیغام دیا۔