الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پرویز خٹک کو بلے کا انتخابی نشان دینے کی پیشکش کی تردید کردی۔
واضح رہے کہ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز (پی ٹی آئی پی) کے سربراہ پرویز خٹک نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں بلے کے انتخابی نشان کی پیشکش کی گئی تھی۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ہم نے اس پیشکش کو مسترد کردیا تھا۔
تاہم اب ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں پرویز خٹک کے اس دعوے کی تردید کردی گئی ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ای سی پی نے پرویز خٹک کو انتخابی نشان”بلے” کی پیشکش نہیں کی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے کسی کو بھی بلے کے انتخابی نشان کی پیشکش نہیں کی گئی۔