آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کےلیے پوری طرح تیار ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے آپریشنل بیس پر انڈکشن اینڈ آپریشنلائزیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ خطے میں طاقت کے توازن کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ غزہ متاثرین کےلیے امدادی سامان کی نقل و حمل میں پاک فضائیہ کی کوششیں قابلِ تعریف ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بیس آمد پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے آرمی چیف کا استقبال کیا اور پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے آرمی چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
تقریب سے خطاب میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پی اے ایف کے نئے شامل کیے گئے ہتھیاروں کا ذکر کیا۔ انہوں نے جے 10 سی لڑاکا طیاروں، ایئرموبلٹی پلیٹ فارمز، جدید ریڈارز، بغیر پائلٹ فضائی نظام اور لانگ رینج ویکٹرز کا ذکر کیا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے جدید ترین ہتھیاروں کے نظام، پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔
تقریب میں پی اے ایف کے نئے ہتھیاروں کے نظام اور دفاعی اثاثوں کی نمائش بھی کی گئی۔