شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں 6 حجاموں کو قتل کر دیا گیا جس کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی بنوں میں درج کر لیا گیا ہے۔
مقدمہ ایس ایچ او میر علی سلیمان خان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق حجاموں کو نامعلوم افراد نے گزشتہ روز فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
مقتولین میں محمد شاہد، راعب، کاشف، عرفان، ساجد اور محمد طارق شامل ہیں۔
مقتولین کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے تھا جو میر علی بازار میں حجام کی دکانوں میں کام کرتے تھے۔
گزشتہ روز نامعلوم افراد نے طارق مارکیٹ میر علی بازار سے حجاموں کو اٹھا کر کھیتوں میں لے جا کر قتل کر دیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں دہشت گرد حیدری آریانہ اور خدری گروپ سرگرم ہیں۔