توہین الیکشن کمیشن کیس میں بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری پر عائد چارج شیٹ سامنے آگئی۔
چارج شیٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری نے 2022ء میں الیکشن کمیشن کے خلاف منصوبہ بندی سے تضحیک آمیز مہم کا سلسلہ شروع کیا، ملزمان نے ایک نہیں متعدد بار الیکشن کمیشن اور سربراہ کے خلاف متعصبانہ اور تضحیک آمیز زبان استعمال کی۔
چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے 12جولائی 2022ء کو بھکر میں عوامی جلسے کے دوران الیکشن کمیشن پاکستان کے خلاف غیر پارلیمانی زبان استعمال کی، ملزمان نے 18جولائی اور 27 جولائی کو عوامی جلسوں میں الیکشن کمیشن اور سربراہ پر من گھڑت الزامات عائد کیے۔
ملزمان نے 4 اگست اور 10 اگست 2022ء کو الیکشن کمیشن کو اسکینڈلائز کیا، بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری نے جلسوں میں آئینی ادارے کو تضحیک کا نشانہ بنایا، ملزمان نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف غیر پارلیمانی اور نامناسب زبان کا استعمال کیا۔
چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ مطلوبہ شواہد، وڈیوز اور دستاویزات کے مطابق ملزمان کے خلاف ٹرائل شروع کیا جائے، ملزمان نے الیکشن ایکٹ کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان کی توہین کی، سپریم کورٹ کی آبزرویشن کے تحت الیکشن کمیشن ملزمان کے خلاف کارروائی کا مجاز ہے۔