چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ الیکشنز سے بھاگنا ن لیگ کی عادت بن چکی ہے ، ن لیگ کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دینا۔
لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ن لیگ چاہے یا نہ چاہے،اب الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے، لاہور والو وعدہ کرو، ن لیگ کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دو گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو لاہور میں بھی الیکشن لڑنے کو تیار ہے، لاہور بھٹو کا تھا، ہے اور رہے گا۔
بلاول نے ایک بار پھر اقتدار میں آنے کی صورت میں تنخواہیں دگنی کرنے اور 300 یونٹ تک بجلی مفت کرنے کا اعلان کیا اور مزید کہا کہ 30 لاکھ گھر بنا کر ان کے مالکانہ حقوق خواتین کو دیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاکہ عوام سے وعدہ کرتا ہوں مفت علاج کے ادارے قائم کر کے دکھاؤں گا، پی پی کی حکومت آئے گی توکسان کو مالی مدد پہنچائیں گے، مزدوروں کو بے نظیر مزدور کارڈ دیں گے، پاکستان میں بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کریں گے، 10نکاتی معاشی ایجنڈے سے بے روزگاری، مہنگائی کا مقابلہ کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر کہا کہ ہمارا مقابلہ کسی جماعت سے نہیں، بےروزگاری، غربت اور مہنگائی سے ہے، پرانےسیاست دان، پرانی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، نئی سوچ لے کر آئیں گے، ذاتی آنا کی سیاست کو دفن کر کے 8 فروری کو نئی سیاست کا آغاز کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے نظر آرہا ہے کہ الیکشن میں پیپلزپارٹی جیت رہی ہے۔