پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا عام انتخابات کا پلان بی سامنے آگیا ہے۔
پلان بی کے مطابق بلےکا انتخابی نشان نہیں ملا تو پی ٹی آئی دوسری جماعت کے نام اور نشان پر الیکشن لڑے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے امیدواروں کو دو دو ٹکٹ جاری کیے ہیں، ایک ٹکٹ پی ٹی آئی کا اور دوسرا بلینک ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔
دوسری جانب بلا پی ٹی آئی کا انتخابی نشان ہوگا یا نہیں؟ الیکشن کمیشن کی درخواست پر اس حوالے سے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی گئی ہے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان الیکشن کمیشن کی درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس میں کہا کہ اگر بلے کا انتخابی نشان بنتا ہے تو پی ٹی آئی کو ملنا چاہیے۔
الیکشن کمیشن کے وکیل مخدوم علی خان کے دلائل مکمل ہونے کے بعد سماعت کل صبح 10 بجے تک ملتوی کردی گئی۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ سماعت کر رہا ہے۔ جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بینچ میں شامل ہیں۔