اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ نیب کیس کے جیل ٹرائل کے خلاف دائر درخواستیں کل سماعت کیلئے مقرر کردی گئیں۔
بانی پی ٹی آئی کی جانب سے جیل ٹرائل کے خلاف درخواستیں دائرکی گئی ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کیس کی سماعت کریں گے۔
رجسٹرار آفس نے نیب کیسز میں جیل ٹرائل کے خلاف سماعت کی کاز لسٹ جاری کر دی۔ بانی پی ٹی آئی نے جیل ٹرائل کے دونوں نوٹیفکیشنز کے خلاف درخواستیں دائر کیں۔
درخواست گزار کے مطابق القادر ٹرسٹ کیس میں 14 نومبر کو جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ درخواست گزار نے کہا توشہ خانہ کیس میں 28 نومبر کو جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری ہوا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ جیل ٹرائل کے نوٹیفکیشن غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ جیل ٹرائل کے نوٹیفکیشنز کو کالعدم قرار دیا جائے۔ مزید استدعا کی گئی کہ درخواست زیر التوا رہنے تک ٹرائل کورٹ کی کارروائی کو روکا جائے۔ دونوں درخواستوں میں چیئرمین نیب اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔