پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کا جواز غلط قرار دے دیا۔
راولپنڈی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لارجر بینچ نے کاغذات نامزدگی پر اپیل مسترد کر دی، کاغذات نامزدگی مسترد کرنے پر جواز بنایا کہ کاغذات پر دستخط نہیں، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آفتاب باجوہ کے سامنے میں نے دستخط کیے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کاغذات نامزدگی پر دستخط نا ہونا جواز بنایا گیا، ایک ساتھ دو کاغذات پر دستخط کیے، سندھ سے کاغذات منظور اور پنجاب سے مسترد ہوگئے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کہ میں نے کیا دستخط نہیں کیے؟ سندھ سے کاغذات نامزدگی منظور جبکہ پنجاب سے مسترد ہوئے، ایک ساتھ دونوں کاغذات پر دستخط کیے، ایک مسترد ایک منظور ہوئے، یہ ٹیکنیکل ناک آؤٹ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ طورخم بارڈر پر اینٹیں لگانے کی باتیں ہو رہی ہیں، بحیثیت سابق وزیر خارجہ تشویش ہے، 75 سال میں کبھی ایسا نہیں ہوا، تعلقات میں یہ نوبت کیوں آئی؟ حکومت وقت کو ان معاملات پر غور کرنا چاہیے، گلگت بلتستان میں 22 روز سے احتجاج جاری ہے ان کے مسائل حل کیے جائیں۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ بھارت میں انتخابات ہیں، ایل او سی پر فالس فلیگ آپریشن ہو سکتا ہے۔