
سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ میں 2 دفعہ جیل میں چلتے چلتے گر گیا تھا میرے کچھ ٹیسٹ بھی ہوئے ہیں۔
پرویز الہٰی کو اینٹی کرپشن عدالت لاہور میں پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں کے مقدمے میں پیش کیا گیا۔
پرویز الہٰی کے ساتھ محمد خان بھٹی سمیت دیگر کو عدالت میں پیش کیا گیا، انہیں چالان کی کاپیاں تقسیم کردی گئیں۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب روسٹرم پر آئے اور کہا کہ کل سارا دن میں انتظار کرتا رہا مجھے عدالت میں پیش کریں گے، میں 2 دفعہ جیل میں چلتے چلتے گر گیا تھا میرے کچھ ٹیسٹ بھی ہوئے ہیں۔
پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ جیل میں ویڈیو لنک کی سہولت موجود ہے۔
اس پر عدالت نے کہا کہ آپ کی لیگل ٹیم جو استدعا کرے گی، اُس پر عدالت قانون کے مطابق آرڈر کرے گی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر شریک ملزم کو کاپیاں دینے کےلیے طلب کرلیا ہے اور مزید سماعت 25 جنوری تک ملتوی کردی۔