پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہم مہنگائی کا شکار کریں گے، عوام کو ریلیف دیں گے۔
مریم نواز کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 میں انتخابی سرگرمیوں سے متعلق مشاورتی اجلاس ہوا جس میں انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ انتخاب جیتنے کی نہیں عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کی جنگ ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ عوام نے بہت مسائل دیکھ لیے، اب انہیں مسائل کا حل دینا ہے، وعدوں کی تکمیل کےلیے عوام ووٹ صرف نواز شریف کو دیں گے۔
ن لیگی چیف آرگنائزر کا کہنا تھا کہ ہم مہنگائی کا شکار کریں گے، عوام کو ریلیف دیں گے۔ بےروزگاری اور غریت سے نجات دلانے کا عملی پروگرام تیار کرلیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام 8 فروری کو شیر پر مہر لگا کر نواز شریف کو وزیر اعظم بنائیں گے، عوام نواز شریف کو وزیراعظم بنائیں تاکہ مہنگائی سے نجات کے پروگرام پر تیزی سے عمل ہو۔
اجلاس میں پرویز رشید، علی پرویز ملک، شائستہ پرویز، مریم اورنگزیب، حنا پرویز بٹ، دیگر رہنما اور عہدیدار شریک ہوئے۔