لاہور ہائی کورٹ نے بانیٔ پی ٹی آئی کی توہینِ الیکشن کمیشن کیس میں جیل ٹرائل کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ترمیمی درخواست کی دستاویزات آئندہ سماعت پر طلب کر لیں۔
جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے کہا کہ آپ کو ترمیم کے ساتھ درخواست دائر کرنے کا کہا تھا۔
بانیٔ پی ٹی آئی کے وکیل نے جواب دیا کہ میں نے ترمیم شدہ درخواست 10 جنوری کو دائر کر دی تھی۔
جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ آپ کو متفرق درخواست دائر کرنی چاہیے تھی، بینچ کے ممبران کے پاس ترمیمی درخواست کی کاپیاں موجود نہیں۔
بانیٔ پی ٹی آئی کے وکیل نے استدعا کی کہ 24 جنوری کو جیل میں ٹرائل فکس ہے، اس سے قبل فردِ جرم بھی عائد ہو چکی، عدالت اس درخواست میں حکمِ امتناع جاری کر دے۔
عدالتِ عالیہ نے کہا کہ کاپیاں ہمارے پاس موجود نہیں ہیں، ٹرائل کو چلنے دیں۔
اس کے ساتھ ہی لاہور ہائی کورٹ نے مزید سماعت پیر تک ملتوی کر دی