عام انتخابات کیلئے جاری انتخابی مہم کے دوران امیدواروں کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر ایکشن لیتے ہوئے الیکشن کمشنر پنجاب نے جرمانے عائد کردیے۔
ترجمان الیکشن کمشنر پنجاب کا کہنا ہے کہ ساہیوال میں این اے 142 کے امیدوار عثمان علی پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے، عثمان علی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبے کا افتتاح کیا۔
صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر (ڈی ایم او) نے 30 جنوری تک سرکاری خزانے میں جرمانہ جمع کروانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
ترجمان الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق پی پی 200 سے امیدوار احمد علی پر بھی بلا اجازت کار ریلی پر 50 ہزار جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ پی پی 42 سے امیدوار ساجد احمد خان پر بھی 25 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ ساجد احمد کو یکم فروری تک سرکاری خزانے میں جرمانہ جمع کروانے کا حکم دیا گیا ہے، ساجد علی نے انتخابی مہم کے دوران خلاف ضابطہ تشہیری مواد لگایا۔