آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ نے ملاقات کی جس میں دہشتگردی کے مشترکہ خطرے سے بذریعہ انٹیلی جنس شیئرنگ نمٹنے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دوسری ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام پر زور دیا۔
ملاقات میں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت اور ایک دوسرے کے تحفظات کو زیادہ سے زیادہ سمجھنے پر زور دیا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دوسری ریاست کی خودمختاری کا احترام ریاستی تعلقات میں سب سے اہم جزو ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین نے اتفاق کیا کہ دہشتگردی کے مشترکہ خطرے سے باہمی تعاون اور بہتر کوآرڈینیشن سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ دہشتگردی کے مشترکہ خطرے سے بذریعہ انٹیلی جنس شیئرنگ نمٹنے کی ضرورت ہے۔
آرمی چیف نے سلامتی کے خدشات دور کرنے کےلیے پائیدار اور دستیاب مواصلاتی ذرائع استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
فریقیں نے مشترکہ خطرات کے خلاف رابطہ کاری اور ردعمل بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فریقین نے اطراف کے سرحدی علاقے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں جانب عزم کا اظہار کیا گیا کہ سرحدی علاقے میں امن دونوں اطراف کے لوگوں کی فلاح و بہبود کےلیے ناگزیر ہے۔
ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی رابطہ قائم رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا جبکہ خرابی پیدا کرنے والے کو برادر ممالک کے درمیان دراڑ ڈالنے کی اجازت نہ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔