توشہ خانہ کیس میں 14 سال قید کی سزا پانے والی بشریٰ بی بی کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا ہے، بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل میں رکھا جائے گا یا متبادل جگہ؟ اس حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا جارہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے بشریٰ بی بی کی منتقلی کے معاملے پر مختلف تجاویز پر غور کیا جارہا ہے، مجرم کو سب جیل میں رکھنے سے متعلق قوانین کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل انتظامیہ پنجاب اور وفاق کو سب جیل بنانے کی درخواست کر سکتی ہے، اڈیالہ جیل انتظامیہ کی درخواست پر مختلف آپشن پر غور کیا جائے گا۔
بنی گالہ ہاؤس، زمان پارک اور سرکاری ریسٹ ہاؤس کو سب جیل قرار دینے پر غور کیا جارہا ہے، پنجاب میں سب جیل کا نوٹیفکیشن پنجاب حکومت جاری کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں سب جیل کا نوٹیفکیشن ضلعی انتظامیہ جاری کرے گی۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں 14، 14 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی گئی ہے، بشریٰ بی بی سزا سننے کے فوراً بعد گرفتاری دینے کیلئے خود اڈیالہ جیل پہنچ گئی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی گرفتاری دینے کیلئے صبح سے اڈیالا جیل کی انتظار گاہ میں موجود ہیں، احتساب عدالت کی جانب سے بشریٰ بی بی کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونا باقی ہیں، بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کی گرفتاری کے لیے دیگر آپشنز زیر غور ہیں۔