پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے لوگ ایک شخص کے جال میں پھنس گئے، نئے پاکستان اور تبدیلی کی تلاش میں پرانا پاکستان بھی تباہ و برباد کر دیا۔
مینگورہ میں جلسے سے خطاب کے دوران نواز شریف نے وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تبدیلی میں لے کر آؤں گا۔
نواز شریف نے کہا کہ جن کو آزما چکے ان کو بار بار آزمانا ٹھیک نہیں، یہاں کون سا نیا موٹر وے اور بجلی کا منصوبہ لگا، وہ 300 ڈیم کہاں گئے، کہیں بلین ٹری منصوبہ نظر نہیں آیا، سوات والوں نواز شریف نے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا تھا۔
قائد مسلم لیگ ن نے کہا کہ سوات والو! جہاں نواز شریف آپ سے اتنا پیار کرتا ہے وہیں آپ کی حالت پر ترس آتا ہے، آپ کیسے شخص کے جال میں پھنس گئے جس نے آپ سے 1 کروڑ نوکریوں، گھروں کا وعدہ کیا تھا، نواز شریف ہمیشہ عوام کو پیار کے ساتھ سلام کرتا ہے، یہاں ہزاروں کا مجمع ہے ، 50 لاکھ گھروں میں سےکسی کو گھر ملا ہے؟
نواز شریف نے بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آؤ بتاؤ بھئی، عوام سے جھوٹ کیوں بولا؟ ووٹ لینے کے بعد آپ نے ان کو کیا دیا؟ گھر نہ نوکری، میں پورے راستے دیکھتا ہوں کہ وہ ون بلین ٹری کہاں ہیں، مجھے یہ پہاڑ خشک نظر آئے ہیں، کہتا تھا تبدیلی لاؤں گا، کدھر ہے تبدیلی، کونسی تبدیلی، یہ مکر و فریب کی سیاست تھی۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا والو! یہ بندہ یہاں سے پنجاب میں ایکسپورٹ ہوا، آپ کو سوچنا چاہیے تھا، نواز شریف آپ کی خدمت کر رہا تھا، کیوں آپ نے اس شخص کو موقع دیا کہ وہ ملک بگاڑ گیا، آپ لوگ جال میں پھنس گئے، نئے پاکستان اور تبدیلی کی تلاش میں آپ نے پرانا پاکستان بھی برباد کر دیا۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ نواز شریف نے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا تھا کہ نہیں؟ پھر آپ لوگ اس کے پیچھے لگ گئے، آج ملک میں مہنگائی ہے یا نہیں؟ نواز شریف کا دور اچھا تھا کہ یہ دور اچھا ہے، ہم جھوٹ نہیں بولتے، عوام سے کبھی جھوٹ نہیں بولا، آئندہ بھی سچ بولوں گا، میں جھوٹ بول کر اپنی عاقبت خراب نہیں کر سکتا، آپ سے جھوٹ کہے جاتے تھے، آپ اس جال میں پھنس گئے اور ملک کا یہ حال ہو گیا۔
نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ اللّٰہ سے معافی مانگو، میں بھی مانگوں گا، پہلے آپ کو چکر دیا گیا، آج مجھے چکر نہ دینا، میں یہاں اپنے کام گنوانے نہیں آیا، آپ ن لیگ کو موقع دیں گے تو خیبرپختونخوا کی تقدیر بدل دیں گے، آج 25 روپے میں روٹی ملتی ہے، ہمارے دور میں 5 روپے کی تھی۔
سابق وزیراعظم نے کلثوم نواز کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ میری بیوی فوت ہوئی تو جیل میں خبر ملی، نوازشریف قوم کا غم برداشت نہیں کر سکتا، قوم کے غم دور کریں گے۔
نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ میں زبردست پشتو بولتا ہوں، پشتو میں ایسی بولوں گا کہ آپ پشتو بھول جائیں گے۔