پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹراپارٹی انتخابات میں جانثارانِ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے نام سے گروپ سامنے آگیا۔
گروپ نے بانی ممبر پی ٹی آئی عاطف حلیم کو چیئرمین شپ کے لیے نامزد کردیا ہے۔
عاطف حلیم کا کہنا ہے کہ پارٹی کے دیگر عہدوں کیلئے بھی پینل سے امیدوار کھڑے کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا گیا، تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات 5 فروری کو کروائے جائیں گے۔
تحریک انصاف کے فیڈرل الیکشن کمشنر رؤف حسن نے انٹراپارٹی انتخابات کا شیڈول جاری کیا۔
پی ٹی آئی کے تمام رجسٹرڈ ممبران اپنی مرضی کے پینل یا چیئرمین کے امیدوار کے حق میں مختص مقامات پر ووٹ ڈال سکتے ہیں، پارٹی ممبران اپنا ووٹ ’رابطہ ایپلیکیشن انٹراپارٹی الیکشن ماڈیول‘ کے ذریعے بھی ریکارڈ کرواسکتے ہیں۔
31 جنوری تک رجسٹر تمام ممبران کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہو گی، انٹراپارٹی الیکشن میں حصہ لینے والے تمام پینلز کی تفصیل پی ٹی آئی کی آفیشل ویب سائٹ اور رابطہ ایپلیکیشن پر دستیاب ہوگی۔
الیکشن کے تفصیلی طریقے کار کی وضاحت الیکشن رولز، 2020 میں موجود ہے، جو ویب سائٹ اور رابطہ ایپ پر دستیاب ہے، پولنگ کا وقت 5 فروری بروز پیر صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگا۔
الیکشن کے مقامات اور اپیلٹ ٹربیونل کی تاریخ کا اعلان یکم فروری کو کیا جائے گا، کاغذات نامزدگی 1 سے 2 فروری تک پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹریٹ یا ویب سائٹ سے حاصل کیے جاسکیں گے۔
کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ 2 فروری کی رات 10 بجے تک ہوگی، امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی مرکزی اور صوبائی سیکرٹریٹس اور ڈیجیٹلی بذریعہ ای میل بھی جمع کرا سکیں گے۔
انٹراپارٹی الیکشن کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کا عمل 3 فروری کو ہو گا، کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی صورت میں اعتراضات جمع کروانے کا وقت 3 فروری رات 10 بجے تک ہوگا، انٹراپارٹی الیکشن میں حصہ لینے والے تمام فائنل پینلز کی فہرستیں 4 فروری کی شام 4 بجے ویب سائٹ پر شائع کی جائیں گی، انٹراپارٹی الیکشن کے نتائج کا باضابطہ اعلان 6 فروری بروز منگل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی کو سزا سنائے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا الیکشن کے لیے پلان سی سامنے آگیا۔
پی ٹی آئی نے ایک ہفتے میں پارٹی الیکشن کرانے کا عزم کیا ہے، اس سلسلے میں رؤف حسن کو تحریک انصاف کا وفاقی چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔
چیف آرگنائزر پی ٹی آئی عمر ایوب نے رؤف حسن کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔