آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی بھارتی سرپرستی میں ہو رہی ہے۔ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا اور جوانوں سے ملاقات کی۔
اس موقع پر آمی چیف کا کہنا تھا کہ بھارتی سرپرستی میں دہشتگردی ہماری سرزمین پر پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانے تک پھیل چکی ہے۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان ایسی تمام کوششوں کو بےنقاب کرتا رہے گا اور اپنے شہریوں کی حفاظت یقینی بنائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت کی بین الاقوامی قانون کو نظرانداز کرنے کی روش بنتی جا رہی ہے، بھارت کو اب دنیا کے کئی ممالک بھی باور کروا چکے ہیں۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ کسی بھی جارحیت یا خلاف ورزی کا بھرپور قومی عزم اور فوجی طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی فوج ہر طرح کے خطرے سے نمٹنے کےلیے پوری طرح مہارت رکھتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نگراں وزیراعظم پاکستان، وزیراعظم آزاد کشمیر اور آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا اور یادگارِ شہدا پر پھول رکھے۔
نگراں وزیراعظم پاکستان، وزیراعظم آزاد کشمیر اور آرمی چیف نے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔