مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے آر او کو این اے 15 کا حتمی نتیجہ جاری کرنے سے روک دیا۔
دوسری جانب این اے 15کانتیجہ روکنےکے خلاف پی ٹی آئی کا دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے۔
پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار گشتاسپ خان کا کہنا ہےکہ آج ہمیں نتائج دینے کا کہا گیا تھا مگر آر او پھر غائب ہے، نواز شریف کا داماد صفدر اعوان اپنی شکست مٹانے کے لیے آر او پر دباؤ ڈال رہاہے۔
ادھر جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مفتی کفایت اللہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے این اے 15 مانسہرہ پر اپنی شکست تسلیم کریں۔
مفتی کفایت اللہ نے کہا ہےکہ این اے 15 مانسہرہ میں کہیں سے دھاندلی کی شکایت نہیں ملی، وہ خود بھی امیدوار تھے اور سارے حلقے میں ان کے ایجنٹ موجود تھے۔
انہوں نےکہا کہ این اے 15سے وہ خود اور نواز شریف ہارگئے ہیں، نوازشریف بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے این اے 15 پر اپنی شکست تسلیم کریں۔
مفتی کفایت اللہ نے مزید کہا کہ نواز شریف جس بنیاد پر عدالت جا رہے ہیں وہ بہت کمزور ہے، نواز شریف کو چاہیے کہ وہ شہزادہ گشتاسپ کو جیت کی مبارک باد دیں
اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے این اے 46 اٹک ،این اے47 اور این اے 48 اسلام آباد کے ریٹرننگ افسروں کو بھی حتمی نوٹی فکیشن کے اجرا سے روک دیا، این اے47 کا نتیجہ شعیب شاہین اور این اے 48 کا نتیجہ علی بخاری نے چیلنج کیا۔