یورپی یونین نے بحیرہ احمر میں جہاز رانی کی آزادی اور سلامتی کیلئے ’EUNAVFOR ASPIDES‘ آپریشن کا آغاز کر دیا۔ یہ فیصلہ یورپی کونسل کے آج برسلز میں منعقد ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔
یورپی کونسل کے مطابق اس دفاعی میری ٹائم سیکورٹی آپریشن کا مقصد بحیرہ احمر اور خلیج میں جہاز رانی کی آزادی کو بحال کرنا اور اس کا تحفظ کرنا ہے۔
اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق EUNAVFOR ASPIDES کے آغاز کے ساتھ، یورپی یونین ایک انتہائی اسٹریٹجک میری ٹائم کوریڈور میں میری ٹائم سیکورٹی اور نیوی گیشن کی آزادی کو بحال کرنے کی ضرورت پر تیزی سے ردعمل ظاہر کر رہا ہے۔
یہ آپریشن یورپی یونین اور وسیع تر بین الاقوامی برادری کی خاطر تجارتی اور سلامتی کے مفادات کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
اس حوالے سے یورپی خارجہ و سیکیورٹی امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے کہا کہ آپریشن ASPIDES اس علاقے میں یورپی یونین کی بحریہ کی موجودگی کو یقینی بنائے گا جہاں نومبر 2023ء سے متعدد حوثی حملوں نے بین الاقوامی تجارتی جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم خیال بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون میں ASPIDES سمندری سلامتی کے تحفظ اور نیویگیشن کی آزادی کو یقینی بنانے میں کردار ادا کرے گا، خاص طور پر تاجروں کے لیے جبکہ اپنے دفاعی مینڈیٹ کے اندر یہ آپریشن سمندری حالات سے متعلق آگاہی بھی فراہم کرے گا۔
اس دوران اس آپریشن میں حصہ لینے والے جہاز دیگر کمرشل جہازوں کے ساتھ ہوں گے اور سمندر میں ممکنہ ملٹی ڈومین حملوں سے ان کی حفاظت کریں گے۔ یہ آپریشن آبنائے باب المندب اور آبنائے ہرمز میں مواصلات کی اہم سمندری لائنوں کے ساتھ ساتھ بحیرہ احمر، خلیج عدن، بحیرہ عرب، خلیج عمان اور بین الاقوامی پانیوں کے ساتھ ساتھ فعال رہے گا۔
اس موقع پر اس آپریشن کے کمانڈرز کا اعلان بھی کیا گیا جس کے مطابق خلیج فارس آپریشن کمانڈر کموڈور واسیلیوس گریپاریس ہوں گے جبکہ فورس کمانڈر ریئر ایڈمرل اسٹیفانو کوسٹنٹینو ہوں گے۔ جبکہ اس آپریشن کا ہیڈکوارٹر یونان کے شہر لاریسا میں قائم ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق آپریشن ASPIDES مغربی بحر ہند اور بحیرہ احمر میں میری ٹائم سیکیورٹی میں تعاون کرنے کے لیے EUNAVFOR ATALANTA کے ساتھ قریبی تعاون کرے گا ساتھ ہی ساتھ ہم خیال شراکت داروں کے ساتھ جو اس کے آپریشن کے علاقے میں میری ٹائم سیکیورٹی میں تعاون کریں گے