گوادر میں سکیورٹی فورسز نے پورٹ اتھارٹی کالونی میں دہشت گرد حملہ ناکام بنادیا اور جوابی کارروائی میں 8 دہشت گرد مارے گئے جبکہ دو جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گوادرپورٹ اتھارٹی کالونی میں 8 دہشت گردوں نے داخل ہونے کی کوشش کی لیکن سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی یہ کوشش ناکام بنا دی۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ سکیورٹی کیلئے تعینات دستوں نے فوری جوابی کارروائی کی اور دہشت گردوں کو مؤثر طریقے سے روکا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی میں تمام 8 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ہلاک دہشت گردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران 2 بہادر جوانوں نےجام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ 35 سالہ سپاہی بہارخان اور 28 سال کے سپاہی عمران علی بہادری سےمقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوئے جبکہ سپاہی بہار خان شہید کا تعلق ڈی جی خان اور سپاہی عمران علی شہید خیرپور کے رہائشی تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسزبلوچستان کا امن سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانےکیلئے پرعزم ہیں، ہمارےبہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارا عزم مزید مضبوط کرتی ہیں۔