ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں یومِ پاکستان کی 84 سالگرہ کے موقع پر سفیر پاکستان ڈاکٹر یوسف جنید کی رہائش گاہ پر پاکستان کے شایانِ شان پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس استقبالیہ تقریب میں ترکیہ کے وزیر قومی دفاع یشار گیولر، وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قومی دفاع یشار گیولر نے اپنے خطاب میں ترکیہ اور پاکستان کے تعلقات کو مثالی اور تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان فروغ پاتے ہوئے دفاعی تعلقات اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان بھی بڑے پیمانے پر قریبی تعاون
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹجک اور جامع دوطرفہ تعلقات علاقائی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس موقع پر دو طرفہ تعلقات کی تاریخی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے ترکیہ کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کو اقتصادی طور پر فائدہ مند کثیر جہتی تعاون میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مشترکہ اقدار اور باہمی مفادات پر مبنی یہ دوستی آئندہ برسوں میں مزید مضبوط ہوتی رہے گی۔
اپنی رہائش گاہ پر ماہ رمضان کے موقع پر شاندار تقریب کا اہتمام کرنے والے سفیر پاکستان نے سب سے پہلے یوم پاکستان کی تاریخی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے 23 مارچ 1940 کو دو قومی نظریہ کی بنیاد پر مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کے قیام کے لیے منظور کی گئی قرارداد پاکستان کے اہم کردار پر روشنی ڈالی
انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی دور اندیش قیادت کو خراج تحسین پیش کیا اور پاکستان کو امن، ترقی اور انسانی وقار کے گڑھ میں تبدیل کرنے کے لیے پاکستان کی موجودہ قیادت کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے بھائی چارے کو اجاگر کرتے ہوئے سفیر جنید نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات "دل سے دل کے رابطے” اور "دو ریاستیں ایک ملت” جیسے جذبات کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے دو طرفہ تعلقات کی ذمے داری پر صدر ایردوان کا شکریہ ادا کیا اور آنے والی نسلوں کے لیے ان برادرانہ تعلقات کو پروان چڑھانے اور مضبوط کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا
تقریب میں ترک پارلیمنٹ کے سابق اسپیکر اسماعیل قہرامان، ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل متین گیوراک، ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر جنرل سیلچوق بایراکتار اولو، ترک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ضیاء جمال، قادی اولو، ترک بحریہ کےسربراہ ایڈمرل ارجمند تاتلی اولو، نائب وزیر خارجہ احمد یلدیز، نو منتخب میئر انقرہ منصور یاواش، سابق نائب وزیر اعظم رجب آقداع، چیئرمین پاکستان ترکی پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ علی ساہین، چیئرمین پاکستان ترک کلچرل ایسوسیشن برہان قایا ترک، سابق وزیر زراعت مہمت مہدی ایکر، سابق وزیر داخلہ ایفکان اعلیٰ، نائب وزیر تجارت مصطفیٰ توزجو، سابق چیئرمین ایس ایس بی اسماعیل دیمر، ارکانِ پارلیمنٹ کے ساتھ بڑی تعداد میں اعلیٰ سول اور فوجی حکام، سفارتکاروں، ماہرین تعلیم، پاکستانی کمیونٹی اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر سفیر پاکستان نے مہمانوں کے لیے افطار ڈنر کا بھی اہتمام کیا ہوا تھا، پاکستان کے مختلف اقسام کے پُر لذیذ کھانوں سے تمام مہمانوں کی تواضع کی گئی، جسے مہمانوں نے بہت پسند کیا اور سفیر پاکستان کی جانب سے یومِ پاکستان کی ماہ رمضان میں شاندار تقریب منعقد کرنے پر مبارکباد دی اور یوں یہ تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔