پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج ایک اور تاریخ ساز دن رہا جس میں 100 انڈیکس 70 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرگیا۔
اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری دن کے اختتام پر 100 انڈیکس 694 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 70 ہزار 314 پوائنٹس پر بند ہوا۔
کاروباری دن میں 100انڈیکس 820 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا جبکہ 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح ریکارڈ 70 ہزار 677 پوائنٹس رہی۔
بازار میں آج 38 کروڑ 93 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے اور شیئرز بازار کے کاروبار کی مالیت 17.27 کروڑ روپے سے زائد رہی جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 77 ارب روپے بڑھ کر 9ہزار 760 ارب روپے ہے۔
اس سے قبل پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا مثبت آغاز ہوا جس میں 100 انڈیکس میں 398 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور انڈیکس 70 ہزارپوائنٹس کی سطح عبور کرگیا۔
گزشتہ روز کاروباری ہفتے کے آغاز پر 100 انڈیکس تاریخ میں پہلی مرتبہ 69 ہزار پوائنٹس کی سطح کو عبور کرتے ہوئے 69 ہزار 720 پر بند ہوا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے میں بھی اسٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھی جارہی تھی اور 100 انڈیکس تاریخ میں پہلی مرتبہ 68 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا ہے۔