مریم نواز نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور خاتون اول سے لاہور آمد پر شکریہ کیا۔
مریم نواز نے ایران کے صدر اور خاتون اول سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ایرانی صدر ابرہیم رئیسی اور وفد کے اعزاز میں ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا جس میں روایتی دیسی کھانوں سے تواضع کی گئی۔
مریم نواز نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور خاتون اول جمیلہ علم الہدیٰ کا لاہور آمد پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے انہیں اسلامی انقلاب کی 45ویں سالگرہ پر مبارک باد بھی پیش کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پاک ایران دوستی کی تاریخ عشروں پر محیط ہے۔ ایران کے ساتھ غربت کے خاتمے کےلیے اقتصادی منصوبوں پر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا صنعتی اور زرعی ترقی کےلیے دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پنجاب کی ویلیو ایڈڈ لائیو اسٹاک مارکیٹ میں ایران کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا ایف ایم ڈی زونز کے قیام اور حلال گوشت کی برآمد سے دونوں ممالک کثیر زرمبادلہ حاصل کرسکتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا پنجاب میں ماحول دوست گرین انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں، ایران کے عوام کی خوشحالی اور امن و سکون کےلیے دعاگو ہوں۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور خاتون اول جمیلہ علم الہدیٰ نے پرتپاک استقبال پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا ۔