پی ٹی آئی کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی درخواست وزارتِ داخلہ کو موصول ہوگئی۔
پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹرگوہر نے وزارتِ داخلہ کو درخواست لکھی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آخری دفعہ ہمارے وکیلوں کی بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ میں ملاقات 3 اکتوبرکو ہوئی۔
درخواست کے متن کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے فوری ملاقات کرنے کی اجازت دی جائے اور میری و صاحبزادہ حامد رضا کی ملاقات کرائی جائے۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر 15 اکتوبر کو ڈی چوک میں احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔ تحریک انصاف نے شرط لگا رکھی ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرادو، 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج ملتوی کردیں گے تاہم حکمران جماعت ن لیگ نے پی ٹی آئی کا مطالبہ مسترد کردیا۔
اُدھر شنگھائی کانفرنس کے موقع پر ڈی چوک میں احتجاج پر تحریک انصاف کے اندر سے بھی آوازیں اٹھ گئیں۔