
آرمی چیف جنرل سید عاصم مینر نے کہا ہے کہ پاک آرمی ریاست کی سلامتی اور استحکام یقینی بنانےکے لیے دہشتگردی کے خلاف ڈھال بنی رہے گی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے 4 مارچ کو بنوں کینٹ کادورہ کیا، آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے حملے میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کے اہلخانہ سےگہرے افسوس اور تعزیت کا اظہاربھی کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی ریاست کی سلامتی اور استحکام یقینی بنانےکے لیے دہشتگردی کے خلاف ڈھال بنی رہے گی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ اس حملے کے مرتکب دہشتگردوں کو بہادر جوانوں نے فوری طورپرانجام تک پہنچا دیا، اس گھناؤنے حملے کے منصوبہ سازوں اورسہولت کاروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائےگا، چاہے وہ کہیں بھی ہوں۔
آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ خواتین، بچوں، بزرگوں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا اسلام دشمن خوارج کے اصل عزائم کوبے نقاب کرتا ہے، دہشت گردی کےخلاف جنگ میں مقامی کیمونٹی کا کردار انتہائی اہم ہے، اس موقع پر آرمی چیف نے قومی یکجہتی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے ان کی بہادری کو سراہا اور دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملانے پر جوانوں کے فوری اور مؤثر ردعمل کی تعریف کی۔
آرمی چیف نے کہا کہ دہشتگرد گروہ بشمول فتنہ الخوارج افغان سرزمین سے پاکستان کےخلاف کارروائیاں کر رہے ہیں۔حالیہ دہشتگرد حملوں میں غیرملکی ہتھیاروں اور سازوسامان کا استعمال کیا گیا، پاکستان کا امن و استحکام خراب کرنے کی کسی کوبھی اجازت نہیں دی جائےگی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارجی عناصر نے بنوں کنٹونمنٹ پر دہشت گرد حملے کی کوشش کی، حملہ آوروں نے کنٹونمنٹ کی سکیورٹی توڑنے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے حملہ کرنے والے تمام 16 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، ہلاک دہشتگردوں میں 4 خودکش حملہ آور بھی شامل تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید جھڑپ میں 5 بہادر جوان دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہو گئے جبکہ خودکش دھماکوں سے چھاؤنی کی دیوار کا ایک حصہ گر گیا، دھماکوں اور فائرنگ سے قریب واقع ایک مسجد اور ایک رہائشی عمارت شدید متاثر ہوئیں، مسجد اور عمارت کے متاثر ہونے سے 13بےگناہ شہری شہید اور 32 زخمی ہوگئے ۔