
فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکا کہنا ہےکہ بھارت جان لے کہ پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا۔
مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور سینئر اساتذہ سے بات چیت کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کی اجارہ داری کبھی قبول نہیں کرے گا۔ معرکہ حق میں اللہ تعالیٰ نے ہرطرح سے پاکستان کی مددکی، معرکہ حق ثبوت ہےکہ جب قوم آہنی دیواربن جائے تو کوئی طاقت گرا نہیں سکتی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکا کہنا تھا کہ کشمیرکا کوئی بھی سوداممکن نہیں، ہم کبھی بھی کشمیرکو نہیں بھول سکتے، بھارت نے کئی دہائیوں سےکشمیرکے مسئلےکو دبانے کی کوشش کی، بھارت ناکام ہوچکا ہے، اب کشمیرکا مسئلہ دبانا ممکن نہیں رہا، مسئلہ کشمیر عالمی سطح کا مسئلہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی بھارت کا اندرونی مسئلہ ہے جس کی بنیادی وجہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر بڑھتا ظلم اور تعصب ہے، بلوچستان میں دہشت گرد فتنتہ الہندوستان ہیں، ان کا بلوچوں سے کوئی تعلق نہیں۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ اساتذہ کرام پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں، میں آج جو کچھ بھی ہوں والدین اور اساتذہ کرام کی وجہ سے ہوں، پاکستان کی اگلی نسلوں کی کردارسازی اساتذہ کرام کی ذمہ داری ہے، اساتذہ نے پاکستان کی کہانی اگلی نسلوں کو بتانی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کوایسی مضبوط ریاست بنانا ہے جس میں تمام ادارے آئین وقانون کے مطابق کام کریں، جہاں تمام ادارے بغیر کسی سیاسی دباؤ، مالی و ذاتی فائدے کے عوام کی فلاح وبہبود کے لیے کام کریں، جو کوئی بھی ریاست کو کمزور بنانے کا بیانیہ بنانے کی کوشش کرے اُس کی نفی کریں۔