
راولپنڈی: کورکمانڈرز کانفرنس میں پیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے کہا ہے بھارت، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی پراکسیز سے مذموم ایجنڈا مزید بڑھانےکی کوشش کر رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ پاکستان کے عوام کا تحفظ اور سلامتی مسلح افواج کی اولین ترجیح ہے۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حمایت یافتہ اور اسپانسرڈ پراکسیز کے خلاف ہر سطح پر فیصلہ کن اور جامع کارروائیاں جاری رکھنا ناگزیر ہے۔
کور کمانڈر کانفرنس سے خطاب میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بھارت کی دو طرفہ فوجی کشیدگی میں کسی تیسرے فریق کو شامل کرنا بھارت کی بلاک پولیٹکس کو فروغ دینے کی بے بنیاد کوشش ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ درحقیقت دنیا واضح طور پر بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم اور ہندوتوا انتہا پسندی کے خطرناک رجحانات سے بدظن ہوتی جا رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم کو آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے تاریخی اور منفرد دورۂ امریکا کے بارے میں بھی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ دورۂ امریکا کے دوران امریکی قیادت کو پاکستان کا دو طرفہ معاملات پر مؤقف پیش کیا گیا۔