
اسلام آباد: سیکرٹری الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو خط لکھ کر آگاہ کیا ہے کہ مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدوار ووٹ نہیں ڈال سکتے۔
جیو نیوز کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کی جانب سے وزیر اعلیٰ کے پی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ 2 جولائی 2025 کو خواتین اور غیر مسلموں کیلئے مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔ ان ارکان سے ابھی تک حلف نہیں لیا گیا اس لیے وہ نہ اسمبلی اجلاس میں حصہ لے سکتے ہیں نہ ہی ووٹ ڈال سکتے ہیں۔
خط میں کہا گیا کہ صوبے میں سینیٹ انتخابات 21 جولائی کو ہونے ہیں، اسپیکر کو منتخب ارکان سے حلف لینے کی درخواست کی گئی تھی، مگر اسپیکر نے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ اسمبلی اجلاس جاری نہیں ہے اور وہ اجلاس طلب نہیں کرسکتے۔
خط میں لکھا گیا کہ آئین کے آرٹیکل109 کے مطابق گورنر کو اختیارحاصل ہے کہ وہ صوبائی اسمبلی کا اجلاس اپنی صوابدید پر طلب کرے۔آرٹیکل 105 میں درج ہے کہ گورنر اپنی آئینی ذمہ داریاں وزیراعلیٰ یا کابینہ کی مشاورت سے ادا کرے گا۔
خط میں مزیدکہا گیا کہ پشاور ہائیکورٹ 27 مارچ 2024 کے ایک فیصلے میں اپنی رائے دے چکی ہے کہ صوبائی حکومت اسمبلی اجلاس کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔