پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارلیمنٹیرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ 40 سال میں کئی پارٹیوں کا حصہ رہا، ملک میں کوئی ادارہ ایسا نہیں جو مجھے بیوقوف بنائے۔
پشاور میں پرویز خٹک نے پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر سابق ٹاؤن ناظم اورپیپلزپارٹی کے رہنما محمد شریف نے پی ٹی آئی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس پر پرویز خٹک کا کہنا تھاکہ محمد شریف نے پی ٹی آئی پی میں شامل ہوکرپارٹی کومضبوط کیا، ہماری جماعت میں دھڑا دھڑ لوگ شامل ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پانچ سال میں صوبے کی بہترانداز میں خدمت کی، عام آدمی کوسہولت دینا مشن ہے، اپنے دور میں پولیس کو عوام کا خدمت گاربنایا تھا۔
پرویز خٹک کا کہنا تھاکہ 40 سال میں کئی پارٹیوں کا حصہ رہا، ملک میں کوئی ادارہ ایسا نہیں جو مجھے بیوقوف بنائے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ لیول پلیئنگ فیلڈ جہاں سے ملتی ہے وہاں جائیں، مجھے نہیں پتا کیسا لیول پلیئنگ فیلڈ چاہیے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ مختلف اضلاع میں دیگر جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے۔