اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بریت پر ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نوازشریف کی اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں بری کر دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد مسلم لیگ ن کے کارکن خوشی سے نہال ہوگئے،عدالت کے باہر مٹھائیاں بانٹیں اور پولیس اہلکاروں کا منہ بھی میٹھا کرایا، وزیراعظم نواز شریف کے نعرے بھی لگائے۔
عدالت کے فیصلے پرخوشی کا اظہار کرتے ہوئے ن لیگ کے صدر شہازشریف نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ان کے بھائی اور قائد نوازشریف ایک بار پھرکامیاب ہو گئے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایک وزیراعظم کو نا اہل قرار دینے کے لیے بنائے گئے جھوٹے مقدمات آخر کار انجام کو پہنچے، نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ایک بار پھر ترقی کرے گا۔
اس کے علاوہ سابق وزیر اطلاعات اور مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے عدالت کے فیصلے پر کہا کہ آج عوام کے سامنے جعلی جھوٹے مقدموں کی حقیقت سامنے آگئی ان شاءاللہ نواز شریف چوتھی بار پھر عوام کے ووٹ سے وزیراعظم بنیں گے۔
رہنما مسلم لیگ ن اعظم نذیر تارڑ بولے کہ نوازشریف الیکشن میں حصہ لینے کے اہل ہیں،وہ انتخابات میں حصہ لیں گے۔