بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی نئی فلم ڈنکی گزشتہ دنوں ریلیز ہوئی اور اچھا بزنس بھی کر رہی ہے۔
یہ پہلی بار ہے جب ڈائریکٹر راجکمار ہیرانی اور شاہ رخ خان کسی فلم کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔
ماضی میں ڈائریکٹر کی جانب سے انہیں منا بھائی ایم بی بی ایس اور 3 ایڈیٹس جیسی فلموں میں کام کرنے کی پیشکش بھی کی گئی تھی مگر شاہ رخ خان نے ان میں کام کرنے سے انکار کیا.
اب پہلی بار شاہ رخ خان نے بتایا ہے کہ انہوں نے راجکمار ہیرانی کی فلموں میں کام کرنے سے انکار کیوں کیا تھا۔
ایک انٹرویو کے دوران شاہ رخ سے پوچھا گیا تھا کہ انہوں نے راجکمار ہیرانی کے ساتھ کام کرنے کے لیے اتنا انتظار کیوں کیا۔
اس کا جواب دیتے ہوئے شاہ رخ خان نے کہا کہ جب انہیں منا بھائی ایم بی بی ایس کا اسکرپٹ ملا تو وہ فلم دیو داس میں کام کررہے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ منا بھائی ایم بی بی ایس میں اسکرپٹ بڑھے بغیر کام کرنے کے لیے تیار ہوگئے تھے مگر اسی وقت وہ زخمی ہوگئے اور ریڑھ کی ہڈی کی سرجری ہوئی، جس کے باعث وہ راجکمار ہیرانی کے ساتھ کام نہیں کرسکے۔
شاہ رخ خان کے بعد منا بھائی کا کردار سنجے دت کے حصے میں آیا اور اب تک لوگوں کو ان کی اداکاری یاد ہے۔
اس کے بعد ڈائریکٹر کی جانب سے شاہ رخ خان کو 3 ایڈیٹس میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی مگر اس وقت بھی بالی وڈ کے بادشاہ ایک اور پراجیکٹ میں مصروف تھے جبکہ ایک بار پھر زخمی ہونے کے باعث انہوں نے فلم میں کام نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس کے بعد 3 ایڈیٹس میں عامر خان نے مرکزی کردار ادا کیا۔
اب شاہ رخ خان نے راجکمار ہیرانی کی فلم ڈنکی میں مرکزی کردار ادا کیا جو 21 دسمبر کو ریلیز ہوئی۔