پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بگ بیش فرنچائزز کی پاکستانی کھلاڑیوں کے این او سی میں توسیع سے متعلق درخواست پر صاف انکار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق بگ بیش کے لیے حارث رؤف، اسامہ میر اور زمان خان کے این او سی میں توسیع نہیں ہو گی۔
پی سی بی نے بگ بیش فرنچائزز کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے، حارث رؤف، اسامہ میر، زمان خان دورہ نیوزی لینڈ شروع ہونے تک آسٹریلیا میں ہی قیام کریں گے۔
پاکستان کی نیوزی لینڈ میں 5 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز 12 جنوری سے شروع ہو گی۔
آسٹریلوی لیگ بگ بیش کی ٹیم میلبرن اسٹارز نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے حارث رؤف اور اسامہ میر کے حوالے سے رابطہ کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق میلبرن اسٹارز نے پی سی بی سے دونوں کھلاڑیوں کے این او سی میں توسیع کی درخواست کی تھی، میلبرن اسٹارز نے پی سی بی سے حارث رؤف اور اسامہ میر کی جنوری کے پہلے ہفتے تک دستیابی مانگی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 12 جنوری سے شروع ہونے والے دورہ نیوزی لینڈ کو مدنظر رکھ کر میلبرن اسٹارز نے این او سی میں توسیع مانگی تھی۔
حارث رؤف اور اسامہ میر کو پی سی بی کی جانب سے 28 دسمبر تک این او سی جاری کیا گیا تھا، پی سی بی نے حارث رؤف اور اسامہ میر کو 5 بگ بیش میچز کھیلنے کے لیے این او سی جاری کیا تھا۔
دوسری جانب سڈنی ٹھنڈرز نے زمان خان کی این او سی میں توسیع کے لیے متعدد درخواستیں کی تھیں۔
بگ بیش فرنچائزز نے کھلاڑیوں کے ورک لوڈ کے حوالے سے بھی پی سی بی کو یقین دہانی کروائی ہے۔