پاک فوج نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کے سرغنہ اشرف شیخ سمیت دو دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کیا گیا۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد سرغنہ اشرف شیخ ہلاک ہوگیا جبکہ ایک اور دہشتگرد برہان اللّٰہ بھی مارا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک دونوں دہشت گرد ہائی ویلیو ٹارگٹ تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ مارے گئے دہشتگرد معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں ممکنہ دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کےلیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
علاقہ مکینوں نے سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کی تعریف کرتے ہوئے دہشتگردی کے خاتمے کےلیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔