کراچی کے علاقے لانڈھی میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر خود کش حملہ ایک شہری زخمی ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل کے مالک کی تلاش میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چھاپے مارے، جس شہری کے نام پر موٹر سائیکل رجسٹرڈ ہے اسے حراست میں لے لیا گیا۔شہری کا کہنا ہے کہ اس نے کبھی موٹر سائیکل ہی نہیں خریدی، مذکورہ شہری کا شناختی کارڈ جعل سازی کے ذریعے استعمال کیا گیا۔
یاد رہے کہ کراچی کے علاقے لانڈھی میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر آج صبح خود کش حملہ کیا گیا، گاڑی میں سوار غیر ملکی محفوظ رہے، حملے میں ایک سیکیورٹی گارڈ شہید ہوگیا، ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا، دوسرا پولیس اور سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے مارا گیا، فائرنگ کی زد میں آکر ایک شہری بھی زخمی ہوا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق حملہ آوروں نے موٹر سائیکل پر غیر ملکیوں کا پیچھا کیا، دہشت گرد گاڑی کے قریب پیدل پہنچے اور فائرنگ کی، ہلاک دہشت گرد سے ملنے والے بیگ سے 4 دستی بم، رائفل، گرینیڈ، 3 میگزین برآمد ہوئے ہیں۔