بنوں میں انسداد پولیو ٹیم پر حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق پولیو ٹیم میریان کے علاقے میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلارہی تھی، ٹیم کی سکیورٹی کے لیے 2 پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی پر تھے، ٹیم جیسے ہی ٹیری رام کے قریب پہنچی تو 2 دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کردی جس سے ڈیوٹی پر مامور دونوں پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
دونوں زخمی پولیس اہلکاروں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دونوں دوران علاج چل بسے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ جوابی کارروائی سے ایک حملہ آور زخمی ہوگیا جو قریبی علاقے میں روپوش ہوگیا جس کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس کے مطابق زخمی حملہ آور ایک گھر میں چھپا ہوا ہے، گھر والوں کی حفاظت کی خاطر احتیاط سے آپریشن جاری ہے۔
یاد رہےکہ گزشتہ روز بھی باجوڑ کی تحصیل ماموند میں پولیس ٹرک کے قریب دھماکے سے 6 اہلکار شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
پولیس اہلکار انسداد پولیو مہم ٹیم کی سکیورٹی کے لیے جا رہے تھے کہ ان کی گاڑی دھماکے کی زد میں آگئی۔