کراچی پولیس چیف خادم حسین رند نے جرائم پر قابو نہ پانے اور اپنے تھانےکی حدود میں جرائم کی سرپرستی کرنے پرکل 82 پولیس افسران و اہلکاروں کیخلاف محکمانہ کارروائی کا حکم دے دیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق کراچی پولیس چیف نے کراچی رینج کے 15 ایس ایچ اوز کے خلاف محکمانہ انکوائری کے احکامات بھی جاری کیے ہیں جب کہ ڈی ایس پی سہراب گوٹھ، ایس ایچ او سہراب گوٹھ اور ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے کو معطل کر دیا۔
ترجمان کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے جرائم کی سرپرستی کرنے کے الزامات ثابت ہونے پر زون شرقی کے8 ہیڈ محرر اور 21 مزید پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا، زون غربی کے 7 ہیڈ محرر اور 8 اہلکار معطل کیے گئے، زون جنوبی کے ایک ہیڈ محرر اور 11 اہلکار معطل کیےگئے ہیں۔
اس کے علاوہ سی آئی اے ٹریفک، سکیورٹی زون کے 6اہلکاروں کی معطلی کے احکامات جاری کیےگئے ہیں۔
کراچی پولیس چیف کا کہنا ہےکہ جرائم کی پشت پناہی کرنے والے افسران و اہلکاروں کو اختیار کے ناجائز استعمال پر سخت محکمانہ کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑےگا اور فرض کی ادائیگی میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائےگی۔