کراچی کے علاقےکورنگی میں غریب نواز کالونی کے قریب مبینہ ٹارگیٹ کلنگ کے واقعے میں نامعلوم ملزمان 2 دوستوں کو گولیاں مار کر قتل کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مقتولین کی شناخت امتیاز اور محمد علی کے نام سے ہوئی، مقتولین آپس میں دوست تھے اور پیشے کے لحاظ سے مکینک تھے، علاقے کے جرائم پیشہ افراد اپنی گرفتاری کا الزام مقتولین پر لگاکر انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے رہتے تھے۔
پولیس کے مطابق ایک ہی موٹر سائیکل پر سوار 3 ملزمان نے 10-12 فائر کیے، پولیس ٹیم کو جائے واقعہ سے گولیوں کے 3 خول ملے ہیں، کرائم سین یونٹ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کررہا ہے جبکہ جائے وقوعہ کے اطراف سی سی ٹی وی بھی تلاش کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں پتہ لگا ہے کہ مقتولین کو جرائم پیشہ افراد کی جانب سے دھمکیاں ملتی تھیں، جرائم پیشہ افراد کو شک تھا کہ انہیں گرفتار کرانے میں دونوں دوستوں کا ہاتھ تھا۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ مقتولین کو دھمکیاں دینے والے ملزمان منشیات فروشی اور ڈکیتی میں ملوث ہیں۔